تربیتی پروگرام پاکستان اور چین کے درمیان طب و صحت کے میدان میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے،اقبال چودھری
اسلام آباد (نیوزرپورٹر)سندھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کا پہلا گروپ روایتی چینی ادویات (Traditional Chinese Medicine) کی تربیت کے لیے چین پہنچ گیا۔ افتتاحی تقریب سوموار کے روز ہُنان یونیورسٹی برائے چائنیز میڈیسن کے پہلے منسلک ہسپتال میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام و ماہرین نے فزیکل و آن لائن شرکت کی۔
اس پروگرام کے تحت حکومتِ سندھ کی جانب سے نامزد چھ پاکستانی ڈاکٹرز ہُنان یونیورسٹی برائے میڈیسن اور ہُنان یونیورسٹی برائے چائنیز میڈیسن کے اشتراک سے خصوصی تربیت حاصل کریں گے، جس کا مقصد پاکستان میں طبِ چینی کے ماہرین کی تیاری اور صحت کے شعبے میں استعداد کار میں اضافہ ہے۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی-کامسٹیک، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام پاکستان اور چین کے درمیان طب و صحت کے میدان میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر ژنمن لیو کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے چین-پاکستان جوائنٹ سینٹر برائے روایتی طب کا قیام، مشترکہ تحقیقی منصوبے اور وسیع تربیتی پروگرام شروع ہوئے ہیں۔ انہوں نے نے نیشنل ایڈمنسٹریشن آف ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن (NATCM) اور کامسٹیک کے تعاون سے جاری منصوبوں کا ذکر کیا جن میں خلائی طب، بایومیڈیکل سائنسز میں مصنوعی ذہانت، ٹیکنیشن اور پوسٹ ڈاکٹریٹ تربیت شامل ہیں۔ انہوں نے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور حکومت سندھ کے کردار کو بھی سراہا۔
تقریب میں مسٹر چنگ ہو، صدر ہُنان یونیورسٹی آف میڈیسن، ین شینگ شن، فرسٹ سیکرٹری سفارتخانہ چین برائے پاکستان، خان محمد وزیر، سائنس و ٹیکنالوجی کونسلر سفارتخانہ پاکستان برائے چین، تان ہو، سیکرٹری فرسٹ افیلی ایٹڈ ہسپتال ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن، ہو شا، فیکلٹی نمائندہ، ہی کے، ڈائریکٹر ہونان صوبائی انتظامیہ برائے روایتی چینی ادویات اور تربیت حاصل کرنے والے گروپ کے نمائندہ ڈاکٹر دبیراعظم خان نے بھی خطاب کیا۔
نمایاں شرکاء میں تیان شوے فی، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ایکسچینج آفس ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن، ڈو چیاو بئی، نیو ڈرگ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ننگبو یونیورسٹی، سینئر سائنسدان اور دونوں جامعات کے فیکلٹی اراکین شامل تھے۔
ڈاکٹر اقبال چوہدری نے آخر میں ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن اور ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کامسٹیک عوام دوست سائنسی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔



