
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے ڈپٹی کشمنر شانگلہ سمیت دیگر سرکاری افسران کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیب کے ریجنل بورڈ کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر شانگلہ، ڈائریکٹر پی ڈی اے، پی ایس او اور کسٹم حکام کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈپٹی کشمنر شانگلہ اور اور دیگر کے خلاف 12 کروڑ 30 لاکھ روپے کرپشن کی تحقیقات کا آغاز ہوگا، ڈپٹی کمشنر پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کا غلط استعمال اور اشتہار کے بغیر ٹھیکے دیے جب کہ 2016 کے سیلاب کے بعد انہوں نے انفرا اسٹرکچر کی بحالی میں مبینہ خورد برد کی۔
نیب اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر پی ڈی اے امین الدین کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی جن پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
نیب خیبرپختونخوا کے ریجنل بورڈ کے اجلاس کے دوران اختیارات کے ناجائز استعمال پر پی ایس او اور کسٹم حکام کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔
اعالامیے کے مطابق ملزمان نے افغانستان برآمد کی جانے والی پیٹرولیم مصنوعات مقامی مارکیٹ میں فروخت کیں جس سے قومی خزانے کو 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔




