ٹیلی کمیونیکیش ٹیکنالوجی سے پاکستان میں صحت، تعلیم، معیشت اور زراعت میں غیر معمولی ترقی ہوئی،صدر ممنون

اسلام آباد … صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیش ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان میں صحت، تعلیم، معیشت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں غیر معمولی ترقیاتی عمل جاری ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں مزید ترقی ہو گی اور معاشی استحکام پیدا ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیلی نار گروپ کے صدر اور سی ای او سگوے بریکی سے بات چیت کے دوران کیا ، جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں 3G اور 4G ٹیکنالوجی متعارف ہونے کے بعد ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے پاکستان کی جامعات کے تعاون سے تحقیقی مرکز کا قیام عمل میں لا سکتا ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاروں کےلئے کئی مراعات متعارف تعارف کرائی ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔