
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ماحول دوست اور بجلی سے چلنے والی بسوں سے کراچی جدید ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل ہوگا، 600 ملین ڈالر کی لاگت سے چائنہ کی کمپنی کراچی کو بجلی سے چلنے والی بسیں فراہم کرے گی، جس سے ہزاروں ملازمتیں بھی کراچی کے شہریوں کو میسر آئیں گی۔
یہ بات انہوں نے چینی کمپنی کے سربراہ تھامسں وانگ کی سربراہی میں 6 رکنی وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی، جنہو ںنے میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر شاہد فیروز، لینڈ کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز سید مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے اس وقت ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور جدید ٹرانسپورٹ کا نظام اس شہر کی اولین ضروریات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی یہ کمپنی جو بسیں کراچی لا ئے گی وہ ماحول دوست ہیں اور مالیاتی آلودگی سے پاک ہیں نہ ان بسوں سے دھواں خار ج ہوگا اور نہ ہی شہر میں ہوگا ۔
انہو ںنے کہا کہ یہ کراچی کے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی اور انہیں بجلی سے چارجڈ کرنے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں 500 اسٹیشن بنائے جائیں گے ایک بس ایک مرتبہ چارجڈ ہونے کے بعد 280 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر شہری ادارے ان بسوں کو کراچی لانے کے لئے متفق ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ وہ شہریوں کے لئے ان بسوں کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہیں کیونکہ کراچی میں اس وقت ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام نہیں ہے ۔



