
پنجاب کے کئی شہروں میں اسموگ اور دھند کا راج برقرار ہے، اسلام آباد، لاہور اور ملتان میں پروازوں کا شیڈول متاثر، مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق 22 زخمی ہو گئے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کی رات سے بارش ہونے کی پیش گوئی کر رکھی ہے جس سے اسموگ ختم ہوجائے گی۔
لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں کئی روز سے جاری آلودہ دھند سے شہری پریشان ہیں، لیکن محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کرر کھی ہے، جس سے آلودہ دھند بڑی حد تک کم ہوجائے گی۔
اس سے پہلے اسموگ اور دھند کے باعث لاہور ائرپورٹ پر اندرون اور بیرون ملک جانے والی 60 پرواز وں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا، جس سے مسافر وں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔
پی آئی اے کی لندن جانے والی پی کے 786، پیرس میلان جانے والی 719، ریاض جانے والی 725 اور ریاض سے آنے والی 726 منسوخ کردی گئی۔
پی آئی اے حکام کے مطابق ٹوکیو سے آنے والی پرواز 853، ابوظہبی سے آنے والی 296 بھی منسوخ کرنا پڑی، ائرپورٹ کے لاونجز میں مسافروں کا رش رہا۔
اندرون ملک منسوخ ہونیوالی پی آئی اے کی پروازوں میں اسلام آباد جانیوالی پی کے 650، کراچی سے آنے والی 312 اورجانے والی پرواز 313، بہاولپور جانے والی 651 اور آنے والی 652 منسوخ کرنا پڑی۔
حکام کے مطابق اسلام آباد جانے والی پی کے 654 اور وہاں سے آنے والی 655 بھی منسوخ ہو گئی، متعدد پروازیں گھنٹوں تاخیر سے منزل پر پہنچیں۔
قومی اور دیگر ائر لائِنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی پروازوں کا شیڈول معلوم کر کے ائر پورٹ آئیں



