پاکستان میں 12 ملین خواتین ووٹرز غیر رجسٹرڈ ہیں ، ممتاز تارڑ

اسلام آباد … وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی بااختیاری پر توجہ مرکوز کرنا ہماری حکمت عملی ہے تاکہ خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ ثقافتی سماجی و سیاسی اور تمام شعبوں میں صنعتی مساوات کو فروغ، پالیسی اور فیصلے میں خواتین کو تعلیم اور پوزیشن فراہم کی جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو  قومی ڈائیلاگ میں ”کلوزنگ دی جینڈر گیپ ان پاکستان الیکڑول رولز“ میں کہی جس کا انعقاد قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) نے کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے حکومت کے صنفی مساوات کے ایجنڈے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں خواتین کی مکمل صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ان کو بااختیار بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے نیشنل پالیسی فریم ورک کا مسودہ تیار کیا ہے جو انسانی حقوق کو فروغ اور تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس میں خواتین کے حقوق اور تفرقات کے خاتمہ کا احاطہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے موجودہ تخمینہ کے مطابق 12 ملین خواتین ووٹرز غیر رجسٹرڈ ہیں۔