25 جولائی تک سیاستدانوں کی گرفتاریاں معطل ، نیب نے اعلان کر دیا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) نیب نے اعلان کیا ہے کہ ہمارا سیاست یا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن تک کسی سیاستدان یا امیدوار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔نیب اعلامیے کےمطابق سابق وزراء خواجہ آصف، رانا افضل، رانا مشہود اور سابق ایم این اے رائے منصب کیخلاف مقدمات بھی 25 جولائی تک موخر کردئیے گئے۔ نیب نے خیبرپختونخواہ میں بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں ملوث افسروں کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی جس سے قومی خزانے کو19 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا، نیب ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول، سندھ سوشل ریلیف فنڈ، فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پنجاب اور سندھ کے سابق آئی جیز پولیس کیخلاف کارروائی کی منظوری دے دی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہوا جس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔ نیب کے مطابق ان فیصلوں کا اطلاق قمراسلام راجہ اور

جاوید حنیف کی گرفتاریوں کے فیصلوں پر نہیں ہوگا، نیب کے مطابق نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانون کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جا سکیں۔ اجلاس نے احد چیمہ سابق ڈی جی پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی ،شاہد شفیق عالم فریدی چیف ایگزیکٹو آفیسر بسم اللہ انجینئرنگ ، میسرز لاہور کاسا ڈویلپرز کے مالکان اور انتظامیہ، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طو پر بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کوتقریبا 660ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب اسپورٹس بورڈ اور یوتھ فیسٹیول کی انتظامیہ اور دیگرکیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طو پر بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام ہے جس سے خزانے کو 1739ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگرکیخلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کاالزام ہے جس سے خزانے کو 16کروڑ 25لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک اسٹاف کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ ، محکمہ مال کراچی کے افسران/اہلکاران اور دیگرکیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر غیرقانونی طور پر سرکاری زمین پر اسٹیٹ بینک اسٹااف کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی قائم کرنے کا الزام ہے جس سے خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ سندھ سوشل ریلیف فنڈکے افسران/اہلکاران کے خلا ف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ملزمان پرمبینہ طور پر فنڈز میں خورد بردکرنے کا الزام ہے۔ جس سے خزانے کو 13.402 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔پروگرام مینیجر ایچ آئی سی /ایڈز کنٹرول پروگرام محکمہ صحت حکومت سندھ ڈاکٹر محمد یونس چاچڑاور دیگرکیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اورسرکاری اخراجات میں خوردبرد کا الزام ہے۔ جس سے خزانے کو 35.236 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ سیکرٹری ہیلتھ حکومت سندھ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال ،ہیلتھ ڈیپار ٹمنٹ اورایجوکیشن ڈیپار ٹمنٹ کے ٹھیکوںمیں خوردبرد کا الزام ہے۔ جس سے خزا نے کو 976ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ سردار بیگم ڈینٹل کالج پشاور کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے الراضی میڈیکل کالج کے خلاف انکوائری کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور طلبہ و طالبات کو داخلوں کے نام پر دھوکہ دینے کا الزام ہے۔ جبکہ سابق چیف ایگزیکٹوفاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگرکیخلاف کیس چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو بھجوانے کی منظوری دی تاکہ وہ قانون کے مطابق مبینہ طور پر 414غیر قانونی بھرتیوں کے معاملہ کی مزید جانچ پڑتال کریں۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت خیبر پختونخواہ کے افسران /اہلکاران اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر مبینہ طور پربدعنوانی اور اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپرمن پسند لوگوں کو ٹھیکے دینے کاالزام ہے۔ جس سے خزانے کو 90ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ خیبر پختونخواہ کے افسران /اہلکاران کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر پراجیکٹ کے فنڈزمیں خورد برد کرنیکا الزام ہے۔ جس سے خزانے کو مبینہ طور پر 19ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ڈی جی کوئٹہ ڈویلپمنٹ نور احمد پرکانی کیخلاف بدعنوانی کار یفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزم پر اختیا را ت کاناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر چلتن ایکسٹن ہائوسنگ اسکیم ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ میں مبینہ طور پرغیرقانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے کاالزام ہے۔ جس سے خزانے کو تقریبا7.4ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ملزم پرمبینہ طور پرذرغون ہائوسنگ اسکیم کوئٹہ اور کرانی ہائو سنگ اسکیم کوئٹہ میں من پسند افراد کوقواعد کے خلاف پلاٹ الاٹ کرنےکابھی الزام ہے۔ جس سے خزانے کو تقریبا3 کروڑ 27لاکھ رو پے کا نقصان پہنچا۔ سابق منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینٹیشن ایجنسی کوئٹہ حامد لطیف رانا اوردیگر کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پرآمدن سے زائد اثاثہ بنانے کاالزام ہے۔ جس سے خزا نے کو 354.9ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے ریفرنس نمبر 5/2008 اسٹیٹ ورسز حفیظ الرحمان کی34.375ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔سابق آئی جی پنجاب کی طرف سے نیب کو وہاڑی پولیس کے سرکاری فنڈز میں خورد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں ملوث پولیس افسران اور دیگرکیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دی گئی۔ملزمان نے مبینہ طور پر خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچایا ۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں جس کیلئے وہ بلا تفریق بدعنوان عناسر کیخلاف اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کیلئے بھر پور کاوشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیا د پر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ نیب ــ’’ احتساب سب کیلئےـــــ ‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ نیب نے اجلاس میں مکمل مشاورت کے بعد اس با ت کا جائزہ لیا کہ آنے والے کچھ دنوں میں الیکشن لڑنے والے بعض سیاستدانوں کے خلاف مقدمات ابتدائی مراحل میں ہیں۔ آئندہ تین چار ہفتوں میں ان کی حتمی صورت کے امکانات بھی ہیں، اس لئے یہ طے کیاگیا کہ الیکشن لڑنے والے سیاستدانوں کے خلاف نیب کی کارروائی کو موخر کیا جائے اور انہیں گرفتار نہ کیا جائے ،تاہم اگر کسی عدالت سے کوئی فیصلہ آتا ہے تو نیب اس پر عملدرآمد کا پابند ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر کسی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کی کسی عدالت سے ضمانت منسوخ ہوتی ہے تو نیب اس کو بھی عدالت کے فیصلے کے مطابق گرفتار کرےگا۔