تحفظ اطفال کی آگہی کے حوالے سے مذہبی رہنماوں کی شمولیت سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوں گے
وزارتِ مذہبی امور میں یونیسیف ، اسلامک ریلیف پاکستان کے زیر اشتراک بین المذاہب رہنماوں سے مشاورتی اجلاس
اسلام آباد (نیوزرپورٹر)تحفظ اطفال کی آگہی کی کوششوں میں مذہبی رہنماوں کی شمولیت سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوں گے۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سیدعطا الرحمن نے وزارتِ مذہبی امور میں یونیسیف ، اسلامک ریلیف پاکستان کے زیر اشتراک بین المذاہب رہنماوں سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی موقع پر کہی۔
اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مفتی راغب حسین نعیمی، کنٹری ہیڈ اسلامک ریلیف پاکستان آصف شیرازی، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی ضمیر احمد ساجد، علامہ سجاد حسین نقوی، مولانا ہارون الرشید بالا کوٹی، پیر عظمت سلطان ، حافظ محمد اقبال نعیمی، کرسٹوفر شرف، پنڈت راکیش چند، ہما عارف، ماہر اطفال، یونیسف، افشاں جاوید، ماہر اطفال اسلامک ریلیف پاکستان، صاحبزادہ علی سلطان، ڈاکٹر غلام دستگیر، ڈاکٹر اشفاق احمد اسلامی نظریاتی کونسل ، ڈپٹی ڈائریکٹر مذہبی امور محمد خلیق اور عائشہ اعجاز شریک ہوئے۔ سیکرٹری مذہبی امور نے تحفظ اطفال فورم کے ذریعے حاصل ہونی والے تجاویز کو سراہا اور کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی مذہبی طبقوں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ہم سب کو مل بیٹھ کر مکالمے کے ذریعے اپنے مسائل کا حل اور اصلاح معاشرہ کی کوشش کرنا ہو گی۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ زینب کیس کے بعد بچوں پر جسمانی، جنسی اور ذہنی تشدد کے انسداد اور قانون سازی کے حوالے سے کونسل نے متعدد سفارشات جاری کی ہیں ۔ ایک وقت تھا جب ایک محلے کے بڑے بزرگ تمام بچوں کی یکساں نگرانی رکھتے تھے۔ اجلاس میں بچوں کی تعلیم و تربیت، تحفظ، جذباتی و ذہنی نشونما کے لیے والدین اور اساتذہ کی آگاہی کی اہمیت، بچوں کی مشقت، کم عمری کی شادیوں کے محرکات پر بات کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا ۔




