کامسٹیک کے زیرِ اہتمام او آئی سی ممالک کے طلبہ کے لیے آن لائن ڈیجیٹل کورسز کا اجرا

اسلام آباد (نیوزرپورٹر÷فوٹو:مدثر راجہ )او آئی سی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون کامسٹیک نے یو این آئ ادارہ اور چین کے ممتاز تکنیکی تعلیمی اداروں کے اشتراک سے او آئی سی رکن ممالک کے طلبہ کے لیے آن لائن ڈیجیٹل کورسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ان کورسز کا مقصد مسلم دنیا میں ہنرمندی کے فروغ، ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ اور انسانی وسائل کی استعداد سازی کو مضبوط بنانا ہے۔
آن لائن کورسز کی افتتاحی تقریب ورچوئل انداز میں منعقد ہوئی، جس میں او آئی سی خطے اور شراکت دار ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز تعلیمی رہنماؤں، پالیسی سازوں اور صنعتی نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں شانشی ٹیکنیکل کالج آف فنانس اینڈ اکنامکس، ہینان انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹریڈ، گوانگژو سونگ تیان پولی ٹیکنک کالج اور آئی ٹی ایم سی ٹیکنالوجی کمپنی کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ڈیجیٹل تعلیم عصرِ حاضر کے سماجی، معاشی اور تکنیکی چیلنجز سے نمٹنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تہذیب کی تاریخ میں تعلیم ہمیشہ ترقی کی بنیاد رہی ہے اور جدید ڈیجیٹل تعلیمی پلیٹ فارمز اس علمی ورثے کو عالمگیریت اور ٹیکنالوجی کے دور میں مزید وسعت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مختلف ممالک کے طلبہ کو آپس میں جوڑنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جس کے ذریعے معیاری تعلیم جغرافیائی حدود سے آزاد ہو کر جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے عام ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 530 طلبہ نے داخلہ حاصل کیا ہے، جو اس اقدام میں وسیع علاقائی اور عالمی دلچسپی کا مظہر ہے۔
ان کورسز میں شریک طلبہ کا تعلق صومالیہ، کینیا، نائجیریا، موریطانیہ، افغانستان، پاکستان، گیمبیا، یمن، انڈونیشیا، چاڈ، ملائیشیا، چین، متحدہ عرب امارات اور گیبون سمیت 15 ممالک سے ہے، جو اس پروگرام کی عالمی رسائی اور شمولیتی نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔
آن لائن کورسز میں مستقبل سے ہم آہنگ اور اہم شعبوں پر توجہ دی گئی ہے جن میں ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل کاروبار، قابلِ تجدید توانائی اور صحتِ عامہ شامل ہیں۔ ان شعبوں کا انتخاب اس مقصد کے تحت کیا گیا ہے کہ طلبہ کو عملی اور مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیں، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے۔
تقریب میں جنوبی ممالک کے درمیان تعاون اور تعلیمی و صنعتی شراکت داری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر یونی ادارہ اور آئی ٹی ایم سی ٹیکنالوجی کمپنی کے کردار کو سراہا گیا، جنہوں نے نصاب کی تیاری، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور تکنیکی معاونت فراہم کر کے اس آن لائن تعلیمی پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آن لائن ڈیجیٹل کورسز کا یہ اجرا او آئی سی کامسٹیک کی جانب سے رکن ممالک میں صلاحیت سازی، علم کے تبادلے اور تکنیکی ترقی کے فروغ کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو علم پر مبنی، پائیدار اور جامع ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔