وزیراعظم شہباز شریف کو دعوت امریکی صدر ٹرمپ نے دی ہے، ترجمان دفتر خارجہ
طاہر اشرفی نے اسے عظیم کامیابی قراردیا جبکہ اسرائیل نے غزہ بورڈ کی تشکیل کو مستردکردیاہے
اسلام آباد:امریکی صدر ٹرمپ جو پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا دوست گردانتے ہیں اور اکثر ان کی تعریفیں کرتے رہتے ہیں انہوں نے غزہ کیلئے بنائے گئے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو شمولیت کی دعوت دے دی ہے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو شمولیت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، غزہ میں پائیدار امن کے لیے پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، پاکستان مشرق وسطی میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ وائٹ ہاس نے ٹرمپ کے منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔غزہ میں ‘بورڈ آف پیس’ کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، یہ بورڈ سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی اور حکومت میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
وائٹ ہائوس کے مطابق میجر جنرل جیسپر جیفرز عالمی استحکام فورس کے کمانڈر مقرر کیے گئے ہیں۔ وزیرخارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر کو بھی بورڈ آف پیس میں شامل کیا گیا ہے۔آریے لائٹ اسٹون اور جوش گرون بام بورڈ کے سینئر مشیر مقرر ہوئے ہیں جبکہ نکولے ملادینوف کو بورڈ آف پیس کا ایگزیکٹو رکن مقرر کیا گیا ہے جو غزہ کے لیے نمائندہ اعلی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ساتھ ساتھ مارک روون، اجے بنگا اور رابرٹ گیبریل بھی بورڈ آف پیس کا حصہ بن گئے۔ اور اب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی اس بورڈ آف پیس میں شرکت کی دعوت ملی ہے۔
غزہ میں ‘بورڈ آف پیس’ کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ بورڈ سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی اور نظم و حکومت میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
پاکستان علماکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کو فلسطین کے مجوزہ بورڈ میں دعوت دینا عظیم کامیابی ہے۔ اس دعوت سے پاکستان کاعالمی وقاراورکرداردنیاکے سامنے آیاہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عظیم سفارتی کامیابی اہل فلسطین کیلئے پاکستان کی کوششوں اورجدوجہدکانتیجہ ہے، وزیراعظم شہبازشریف اورفیلڈمارشل عاصم منیرنے جس طرح فلسطینیوں کی ترجمانی کی وہ قابل فخرہے۔طاہراشرفی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اس دعوت کو قبول کرکے پاکستان کے اہل فلسطین کیلئے کردارکوآگے بڑھائیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ بورڈ کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بورڈ اسرائیلی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بورڈ کی تشکیل کے لیے اسرائیل سے رابطہ نہیں کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ گڈیون سار غزہ بورڈ کا معاملہ امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اٹھائیں گے۔




