کورونا سے مزید 9 اموات، ہلاکتیں 86 کیسز 5021 تک پہنچ گئے

 

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 80 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4980 تک پہنچ گئی ہے۔ملک بھر میں اب تک ہونے والی 78 ہلاکتوں میں سے سندھ میں سب سے زیادہ 28 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 25 اور پنجاب میں 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔آخری اطلاعات تک ہفتہ کو ملک بھر سے کورونا کے 188 کیسز سامنے آچکے ہیں اور 9 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔ ایک دن میں یہ ہلاکتوں کی اب تک سب سے زیادہ تعداد ہے سندھ میں 104 کیسز اور 6 ہلاکتیں، پنجاب میں 74 کیسز اور 3 ہلاکتیں، بلوچستان میں 8 کیسز جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
سندھ
سندھ میں اب تک کورونا کے مزید 104 کیسز سامنے آچکے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز 1318 اور ہلاکتیں 28 ہوچکی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے ، یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 اموات ہوئی ہیں جوکہ زیادہ ہیں جب کہ مزید 13 لوگ صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 371 ہوگئی ہے۔
پنجاب
پنجاب میں آج کورونا وائرس کے 74 کیسز اور ایک اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔اس طرح پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2410 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 39 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جس کی تصدیق وزیر صحت نے کی۔وزیرصحت نے بتایا کہ راولاکوٹ میں 4 سال کی بچی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہے اور بچی کے گھر میں پہلے بھی ایک شخص میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔آزاد کشمیر میں جمعہ کو کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا اور تعداد 133 تھی تاہم نیا کیس سامنے آن کے بعد تعداد 134 ہوگئی ہے جو سرکاری پورٹل پر بھی رپورٹ کی گئی ہے۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
خیبرپختونخوا
صوبے میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 656 اور ہلاکتیں 25 ہوگئی ہیں۔صوبائی وزیر صحت تیمور خان نے صوبے میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی۔تیمور خان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 131 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں مزید 8 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 228 ہوگئی۔بلوچستان میں ابتک 95 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 95 متاثرہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں جمعہ کو کورونا کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا البتہ جمعرات کو کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آئے تھے۔اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں آج ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 216 تک جا پہنچی ہے۔