عمران خان کو جیل میں ملنے والے کھانے اور سہولیات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ ،چیا سیڈ مسمی اور مالٹے کا جوس ملتا ہے
لنچ میں دیسی مرغی، مٹن، سلاد، مکس اچار، آلو چپس، انڈا فرائی اور مکس دال ڈنر بادام، کشمش، ناریل پاوڈر، دودھ، کھجور، کیلا اور سیب شیک کے ساتھ کرتے ہیں
بانی کا کمپائونڈسات سیلز پر مشتمل،سیل کے سامنے 57 فٹ لمبی راہداری،کمپانڈ کے ساتھ 35 بائی 37 فٹ کا لان جہاں بیٹھ کر کتابیں اور اخبارات پڑھتے ہیں

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو جیل میں میسر سہولیات اور ان کی خوراک کے حوالے سے رپورٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرادی ہے۔ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کی تفصیلات پہلی مرتبہ منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں مخصوص کمپانڈ میں رکھا گیا ہے جہاں سکیورٹی اور سہولیات کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کمپانڈ سات سیلز پر مشتمل ہے جبکہ ان کے سیل کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری موجود ہے۔کمپانڈ کے ساتھ 35 بائی 37 فٹ کا لان بھی موجود ہے جہاں وہ بیٹھ کر کتابیں اور اخبارات پڑھتے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اس کمپانڈ میں مجموعی طور پر 30 سے 35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کو الگ ماحول میں رکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عمران خان کو ورزش کیلئے سائیکلنگ مشین اور دیگر جم کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ جسمانی سرگرمی جاری رکھ سکیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ انہیں صبح سے شام تک قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی رسائی حاصل ہے اور جیل انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
خوراک کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ اور چیا سیڈز فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ مسمی اور انار کا جوس بھی دیا جاتا ہے۔
دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغی، مٹن، سلاد، مکس اچار، آلو چپس، انڈا فرائی اور مکس دال شامل ہوتی ہے، جبکہ شام کے وقت بادام، کشمش، ناریل پاوڈر، دودھ، کھجور، کیلا اور سیب کا شیک فراہم کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں محفوظ ماحول میں رکھا گیا ہے اور تمام سہولیات قواعد کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔