ہائوسنگ شعبے کو منظم کرنے کیلئے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

کم آمدنی والوں کے لیے سستے گھروں کی فراہمی ترجیح، وزیراعظم کا ہائوسنگ اصلاحات تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)حکومت نے ملک میں رئیل اسٹیٹ اور ہائوسنگ کے شعبے کو منظم کرنے کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ تجویززیراعظم کی زیر صدارت وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے امور پر ایک اہم اجلاس میں سامنے آئی جو وزارت ہائوسنگ میں منعقد ہوا جس میں ہائوسنگ سیکٹر میں اصلاحات اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی پر غور کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدنی والوں کے لیے سستے گھروں کی فراہمی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سستے گھروں کے منصوبے، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے عام آدمی تک ہائوس فنانس کی سہولت مثر انداز میں پہنچانے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کو وزارت ہاسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے کے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہائوس مورٹگیج اصلاحات کے مسودے پر کام جاری ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق رئیل اسٹیٹ اور ہائوسنگ کے شعبے کو منظم کرنے کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ ہائوس فنانس کے فروغ کے لیے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے حوالے سے وزارت خزانہ ، ایف بی آر اور صوبے وزارت ہاسنگ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب ، اعظم نذیر تارڑ ، احد چیمہ ، شزا فاطمہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔