نوجوان نسل کو ذمہ دارانہ صحافت، حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور قومی اقدار کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔فرح ناز اکبر
ذمہ دارانہ صحافت وقت کی اہم ضرورت میڈیا قومی بیانیہ کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے ، ڈی جی پی این سی اے ،ایوب جمالی

اسلام آباد(کلچرل رپورٹر)پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے معرکہ حق کی ایک سالہ یادگاری سرگرمیوں کے حصے کے طور پر "البنیان المرصوس” کے بینر تلے میڈیا ورکشاپ 2026 کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا مقصد میڈیا کے مثبت، ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ کردار کو اجاگر کرنا، قومی بیانیہ کو مضبوط بنانا اور نوجوان نسل کو میڈیا کے عصری رجحانات اور تقاضوں سے آشنا کرنا تھا۔
تقریب میں ممتاز میڈیا ماہرین، صحافیوں، طلباء، نوجوان میڈیا پروفیشنلز، اور کمیونیکیشن اور صحافت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی. ورکشاپ کے دوران صحافت، میڈیا پروڈکشن، ڈیجیٹل میڈیا، قومی بیانیہ کی تعمیر، اور ذمہ دارانہ صحافت سمیت اہم موضوعات پر تفصیلی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ میں ممتاز مقررین فرخندہ شمیم، معروف مصنفہ، شاعرہ، اور 100+ ایوارڈز کے ساتھ سابق PTV نیوز کنٹرولر، ذوالفقار بیگ، سینئر رپورٹر روزنامہ ایکسپریس،شکیل احمد اعوان، سینئر رپورٹر روزنامہ جنگ، اظہر حفیظ، سینئر صحافی اور دیگر شامل تھے.
شرکاء کو انٹرایکٹو سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ عملی سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
ورکشاپ کا ایک اہم مقصد پاکستان کے قومی تشخص، قومی سلامتی، اتحاد اور پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کو مؤثر طریقے سے اجاگر کرنا تھا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ دار میڈیا نہ صرف قومی بیانیہ کو مضبوط کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو ذمہ دارانہ صحافت، حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور قومی اقدار کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے پی این سی اے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کی پیشہ ورانہ ترقی اور قومی بیداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل PNCA محمد ایوب جمالی نے تمام مہمانوں، مقررین اور شرکاء کا ان کی گراں قدر موجودگی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا قومی بیانیہ کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور ذمہ دارانہ صحافت آج کے دور میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی ترقی، قومی ثقافت کے فروغ اور مثبت قومی بیانیے کو مضبوط بنانے کے لیے مستقبل میں تعمیری پروگرام منعقد کرنے کے لیے PNCA کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی کے ہمراہ شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔
پی این سی اے میں "البنیان المرصوس” کے بینر تلے میڈیا ورکشاپ




