بلیک میلنگ سے تنگ حوا کی ایک اور بیٹی عزت بچانے کے لئے جان پر کھیل گئی

کوٹلی ستیاں کی سولہ سالہ لڑکی بلیک میلنگ کے باعث شدید ذہنی دبائو کا شکار تھی
لڑکی گھر سے نکل کر ایک زیر تعمیر مکان میں‌گئی اور خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی

مری(اسرار احمد راجپوت )کوٹلی ستیاں کے گاؤں اوریانی میں 16 سالہ لڑکی نے مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ آ کر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔
ذرائع کے مطابق لڑکی گھر سے نکل کر ایک زیرِ تعمیر مکان میں گئی جہاں اس نے خودسوزی کی۔ آگ لگنے سے وہ شدید جھلس گئی جسے تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔
ڈی پی او کے مطابق یہ واقعہ ایک ہفتہ پرانا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ایک نوجوان مبینہ طور پر لڑکی کو فون پر بلیک میل کرتا اور دھمکیاں دیتا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مبینہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بلیک میلنگ، ہراسانی یا دھمکیوں کے واقعات کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔