محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر کی ملاقات

دونوں رہنمائوں کی پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ ہمیش فالکنر
کئی دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے سرگرم ہیں، افغان حکومت کو پاکستان کے خلاف اپنی زمین کے استعمال کو روکنا ہو گا ۔ محسن نقوی

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی نائب وزیر خارجہ نے امریکہ ایران مفاہمت پر پاکستان کے مثبت اور بھر پور کردار کو سراہا۔ برطانوی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ایران امریکہ مفاہمت نے پاکستان کو عالمی امن کا علمبردار بنا کر پیش کیا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی، انسداد غیر قانونی مائیگریشن، ادارجاتی تعاون، پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اپسکیل پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستانی اداروں کی استعدادکار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے۔دونوں وزراء نے جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے مسلے کے حل کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کئی دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے سرگرم ہیں، افغان حکومت کو پاکستان کے خلاف اپنی زمین کے استعمال کو روکنا ہو گا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزراء چوہدری سالک حسین، علی پرویز ملک، طلال چوہدری، عون چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ این پی اے اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی اس موقع پر موجود تھے.