امریکی ایوان نمائندگان میدان میں ایران کے خلاف جنگ روکنے کے حق میں قرارداد منظور

ٹرمپ کو بڑا دھچکا،4 ریپبلکن ارکان نے بھی ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا
آنکھ کے بدلے آنکھ لیں گے، عباس عراقچی، آنکھ کے بدلے سر لیں گے ، امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو

واشنگٹن:امریکی صدر ٹرمپ کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب امریکی ایوان نمائندگان نے ایران جنگ روکنے کے حوالے سے قرارداد کی کثرت رائے سے منظوری دے دی .
خبر ایجنسی کے مطابق ایوان نمائندگان میں ایران کے خلاف فوجی آپریشن روکنے کی قرارداد پر ووٹنگ ہوئی، قرارداد کے حق میں 214 اور مخالفت میں 208 ووٹ آئے، 4 ریپبلکن ارکان نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایران پر امریکی حملے روکنے کی قرار داد ڈیموکریٹ رکن کانگریس پرامیلا جیاپال نے پیش کی تھی، قرار داد سینیٹ سے منظوری کے بعد بھی ٹرمپ انتظامیہ کو کسی عمل کے لیے پابند نہیں کر سکتی۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی قانون سازوں نے حالیہ ماہ میں اس نوعیت کی کئی قراردادیں منظور کی ہیں۔
تاہم اس کے ساتھ ہی امریکی ایوان بالا (سینیٹ )نے ایران کیخلاف فوجی آپریشن روکنے کی قرارداد مسترد کردی ہے. امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ میں قرارداد کی مخالفت میں 49 اور حق میں 47 ووٹ آئے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے امریکی ایوان نمائندگان نے ایران کے خلاف جنگ روکنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی نئی دھمکی دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی ایران کو زیادہ تکلیف نہیں پہنچی ہے۔ وہ ایران میں بڑی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ نئی فوجی کارروائیوں میں ’’آپریشن ایپک فیوری‘‘ کے حملوں سے زیادہ بڑے حملے کیے جاسکتے ہیں۔
ادھر امریکی اور ایرانی وزیرخارجہ نے بھی ایک دوسرے کے خلاف دھمکیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے. جب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ہم آنکھ کے بدلے آنکھ لیں تو اس کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ہم آنکھ کے بدلے سر لیں گے.