راولپنڈی (سٹی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (APPSCA) نے پنجاب کے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026ء کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کے نتائج اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ تعلیمی معیار، امتحانی نظام اور طلبہ کی بنیادی تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب کے نویں جماعت کے نتائج 2 ستمبر 2026ء کو جاری ہوئے۔ مختلف بورڈز کے دستیاب نتائج میں مجموعی طلبہ کی کامیابی مایوس کن اور حکومت کی تعلیمی اصلاحات کے دعوؤں کے برعکس رہی، جبکہ بورڈز میں نجی و الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلبہ نے سرکاری اداروں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مثال کے طور پر راولپنڈی بورڈ میں سرکاری اداروں کی کامیابی کی شرح 30.82 فیصد جبکہ نجی الحاق شدہ اداروں کی 60.41 فیصد رہی؛ اسی طرح گوجرانوالہ بورڈ میں سرکاری اداروں کی شرح 39.59 فیصد کے مقابلے میں نجی و غیر سرکاری اداروں کی شرح 69.71 فیصد رہی۔
مرکزی صدر APPSCA ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ نتائج کو صرف کامیاب اور ناکام طلبہ کے اعدادوشمار تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ حکومت کو سرکاری و نجی شعبۂ تعلیم کی کارکردگی کا جامع تقابلی جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود لاکھوں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے تعلیمی نظام میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ملک بھر میں تعلیمی معیار بلند کرنے، اساتذہ کی تربیت، جدید تدریسی طریقوں کے فروغ اور طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج،نائب صدر جاوید اقبال، راجہ پیٹرن چیف پنجاب قاضی ظہور الحق،مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے رکن انتخاب حسین،ملک دین محمد اعوان،اسرارشاہ بخاری،جنرل سیکرٹری پنجاب ساجد الیاس چودھری، صدر راولپنڈی ڈویژن عرفان مظفر کیانی، ضلعی صدر راولپنڈی عبدالحفیظ ملک، ضلعی صدر چکوال صفدر ملک، ماہر تعلیم و ضلعی صدر اٹک طاہر خان دورانی، محمد ابراہیم،سردار گل زبیر خان،چوہدری ارشد محمود،میانوالی سے اصغر خان، جہلم سے پروفیسر خورشید احمد،گجرات سے حاجی ذکاءاللہ کھٹانہ،فیصل آباد سے طلحہ محمود سندھو، سرگودھا سے نعیم اعوان، جھنگ سے خالد چدھڑ، ملتان سے سید راشد حسنین، ساہیوال سے افضل ساہی، قصور سے مخدوم خالد محمود ،ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سہیل انجم گوندل،منڈی بہاوالدین سے خالد محموداور بہاولپور سے چودھری جہاندار سمیت آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے پنجاب بھر سے عہدیداران نے نویں جماعت کے نتائج پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے معیار میں بہتری کے لیے حکومت، اساتذہ، والدین اور نجی تعلیمی اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ناکام رہ جانے والے طلبہ کو بھی حوصلہ دیا اور کہا کہ ایک امتحان کسی طالب علم کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرتا۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم نتائج والے اضلاع اور اداروں میں خصوصی تعلیمی بہتری کے پروگرام شروع کیے جائیں اور نجی تعلیمی اداروں کی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انہیں پالیسی سازی میں مناسب نمائندگی دی جائے۔


