صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا رمضان المبارک 1440ھ/2019ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام
ااسلام آباد:06مئی 2019ءِ ِ
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ساعت صد شکر ہے کہ رب کریم نے ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہونے کا ایک اور موقع عطا فرمایا ہے۔ میں اس بابرکت مہنیے کے آغاز پر پوری ملت اسلامیہ کو بالعموم اور اہلیان وطن کو بالخصوص مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
رمضان کے روزے اللہ تعالیٰ نے اس لئے فرض کئے ہیں تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو۔ تقویٰ کا مطلب بچنا ہے جیسے ہم اپنی عملی زندگی میں خار دار راستے سے بچتے ہوئے گزرنے کی کوشش کرتے ہیں بالکل اسی طرح مومن کو دنیا میں ان چیزوں سے بچتے ہوئے اپنا سفر حیات طے کرناہے جس سے اللہ رب العزت نے بچنے کا حکم دیا ہے۔ اسی روش کا نام تقویٰ ہے۔ متقعیانہ زندگی کو دوسرے الفاظ میں محتاط زندگی بھی کہہ سکتے ہیں۔ رمضان المبارک اسی محتاط زندگی کی تربیت کا مہینہ ہے۔
ہمیں اس ماہ مبارک کے آغاز کے موقع پر یہ عہد کرنا چاہیئے کہ ہم ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی اور امن و امان میں رکاوٹ بننے والی ہر قسم کی منفی سرگرمیوں کا مکمل یکجہتی کے ساتھ قلع قمع کریں گے۔ آج اس با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان شہداء کو یاد رکھنا چاہیئے جن کی قربانیوں سے وطن عزیز میں خوشگوار اور پر امن ماحول پید اہوا ہے۔ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ موجودہ جمہوری حکومت نے ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے صحیح سمت میں سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ بہت جلد ہم اپنی ترقی کے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اس کے لئے ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔
میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم میں نظم و ضبط، یگانگت، برداشت و مذہبی رواداری، محبت و اخوت اور خیر خواہی کے اعلی اوصاف پیدا فرمائے اور رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے بہرہ مند فرمائے۔ آمین۔



