اپوزیشن لیڈر کا وقت 45 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔قومی اسمبلی رولز میں ترمیم تجویز کروں گا
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ایوان میں اپوزیشن لیڈر کو طویل وقت دینا وقت اور پیسے کا ضیاع ہے بحیثیت اسپیکر ایاز صادق کا ریکارڈ بدترین رہا،انھوں نے اپوزیشن کو دبایا اور عمران خان کے خلاف جعلی ریفرنس دائرکیا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دو مختلف ٹویٹ میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اسمبلی میں خطاب کے لئے وقت کی حد مقرر کی جائے اور ممبران کے لئے بشمول اپوزیشن لیڈر 45 منٹ سے زیادہ وقت نہیں ہونا چاہئے، اپوزیشن لیڈر کو طویل وقت دینا پیسے اور وقت کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا میں اس سلسلے میں قومی اسمبلی رولز میں ترمیم تجویزکروں گا کہ اسمبلی کے لئے وقت کی حد مقرر کی جائے اور ممبران کے لئے پنتالیس منٹ سے زیادہ وقت نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا طویل وقت دینا پیسے اور وقت کا ضیاع ہے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صبح سے شام تک تقریر کی اور ان کی تقریر چرب زبانی کے سوا کچھ نہیں تھی۔یہ ٹیکس دہندگان کے پیسے اور وقت کی بربادی ہے۔ایک اور ٹیویٹ میں انہو ں نے کہا کہ بحیثیت اسپیکر ایاز صادق کا ریکارڈ بدترین رہاہے۔ چوہدری فواد حسین نے یہ بات 2016ء میں سابق اسپیکر ایاز صادق کی طرف سے ایم کیو ایم کے ایک رکن قومی اسمبلی کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرایک ٹوئیٹ کے جواب میں کہی۔اپنے ٹوئیٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ صرف ریکارڈ کی درستگی کیلئے بتا رہا ہوں کہ اس وقت ایم کیو ایم اپوزیشن پارٹی نہیں تھی، وہ حکومت کا حصہ تھے، ایاز صادق کا ریکارڈ بحیثیت اسپیکر بدترین رہا، انہوں نے اپوزیشن کو دبایا اور پانامہ کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے سے انکار کیا، ایاز صادق نے عمران خان پر جعلی ریفرنس دائر کیا اور ان کے دور میں اپوزیشن زیادہ وقت بائیکاٹ پر ہی رہی۔

