اسلام آباد کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کا مشن شروع

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے اسلام آباد کو پلاسٹک بیگز فری شہر بنانے کا مشن شروع کیا ہے۔ نجی تنظٰیم پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی کیلئے میدان میں نکل آئی اور شہریوں میں کپڑے کے بنے تھیلے بھی مفت تقسیم کئے۔

پلاسٹک بیگز کو قدرتی ماحول کا دشمن کہا جاتا ہے۔ انہیں ختم کرکے ہی کلین اینڈ گرین پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ اسلام آباد میں فلاحی تنظیم کے نمائندے ماحول دوستی نبھانے کے مشن پر نکل پڑے۔

آگاہی واک میں خواتین اور بچے بھی بڑوں کے ہم قدم نظر آئے۔ شرکاء نے دکانداروں اور شہریوں میں کپڑے سے بنے بیگز تقسیم کئے اور پلاسٹک کی جگہ کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ شہرکی صفائی کرنے والے اہلکار بھی پلاسٹک بیگ مکاؤ مہم کے حامی دکھائی دئیے۔

ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے سماجی تنظیم نے اپنا حصہ ڈال دیا ہے، اب دیکھنا ہوگا کہ متعلقہ ادارے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کا اطلاق کیسے یقینی بناتے ہیں۔