اسلام آباد :
چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کی قسمت کا فیصلہ آج نو جولائی کو ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں ہوگا۔
اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس آج دن ساڑھے گیارہ بجے ہوگا،راجہ ظفرالحق صدارت کریں گے،تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی مرتب ہوگی۔
سب سے پہلے ان کے متبادل کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا پھر ان کے خلاف تحریک عدم اعتما د جمع ہوگی
صادق سنجرانی 12 جون 2018 کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے ،صادق سنجرانی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے ، انہوں نے 57 ووٹ حاصل کئے تھے ۔ میر صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے۔
میر صادق سنجرانی 14اپریل 1978کوبلوچستان کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے ، بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے کیا ،ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے قبائلی رہنما میں ہوتا ۔
صادق سنجرانی کے بھائی اعجاز سنجرانی نواب ثنا اللہ زہری کے دور حکومت میں وزیراعلیٰ کے مشیر بنے ،حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیر اعلی عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا ۔
میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی محمد رازق سنجرانی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی رہے ، میر صادق سنجرانی 1998میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے کوآڈینیٹر رہے ، یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور حکومت میں صادق سنجرانی کو وزیر اعظم شکایات سیل کا انچارج بنایا۔
صادق سنجرانی نے تین مارچ 2018کو بلوچستان سے آزاد حیثیت سے سینیٹ کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کرکےسینیٹر منتخب ہوئے ، صادق سنجرانی نے سینٹر منتخب ہونے کے بعد چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بلوچستان کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا


