پی ٹی وی و پارلیمنٹ حملہ کیس: وزیراعظم نے اپنے وکیل بابر اعوان کو تبدیل کرنے کی درخواست کر دی

اسلام آباد: وزیراعظم عمرن خان نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اپنے خلاف جاری پی ٹی وی ا ور پارلیمنٹ حملہ کیس میں اپنے وکیل بابر اعوان کو تبدیل کرنے کی درخواست جمع کرادی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جگہ ان کے معاون عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت کے دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے وکیل بابر اعوان کو تبدیل کرنے کی درخواستجمع کرائی درخواست میں معاون وکیل نے استدعا کی کہ بابر اعوان وزیراعظم عمران خان کے مشیر تعینات ہوچکے ہیں لہذا نیا وکیل مقرر کرنے کیلئے وقت دیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کی وکیل تبدیل کرنے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرلی اور کیس کی سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت کے خلاف 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اسلام آباد میں دیے گئے 126 روزہ دھرنے کے دوران ہنگامہ ہوا اور کارکنان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر دھاوا بھی بولا تھا۔اس موقع پر ریڈزون میں ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں موجودہ وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نامزد ہیں۔صدر مملکت کو ان کیسز میں صدارتی استثنی حاصل ہے جبکہ وزیراعظم کو عدالت نے مستقل استثنٰی دے کھا ہے ان کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی بابر اعوان کو وزیراعظم عمران خان نے مشیر برائے پارلیمانی امور مقرر کردیا جن کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہے۔