
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا ایک اے ٹی آر طیارہ گلگت ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران پائلٹ سے بے قابو ہو کر رن وے پر نہ رکا اور رن وے سے آگے چلا گیا ہے۔
رن وے کے بعد طیارہ کچی زمین والے ایک میدان میں جا کر ایک طرف کو جھک کر جا رکا ہے۔
اس واقعے میں تمام مسافر محفوظ رہے اور انھیں باحفاظت طیارے سے نکال لیا گیا ہے۔
طیارہ اسلام آباد سے گلگت پرواز کر رہا تھا۔
مقامی صحافی موسیٰ جلونکھا نے بی بی سی کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس پرواز میں 48 مسافر سوار تھے جن میں ایک غیر ملکی سیاح بھی شامل تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ریسکیو اور پولیس حکام اس وقت ایئر پورٹ پر پہنچ چکے ہیں۔
انھوں نے ایئر پورٹ پر موجود سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ طیارے کی بریک کا نہیں بلکہ طیارے کے ایک ٹائر کے پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔ تاہم اس حوالے سے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے مقامی سٹیشن مینجرز نے یہ تفصیلات ابھی جاری نہیں کیں ہیں۔
گلگت ایئر پورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس ایئر پورٹ پر عموماً اسلام آباد سے ہی پروازیں آتی جاتی ہیں۔





