وطن واپس پہنچنے پر وزیراعظم کا سخت احتساب جاری رکھنے کا وعدہ

وطن واپس پہنچنے پرپی ٹی آئی کارکنان نے وزیراعظم کا پر جوش استقبال کیا—تصویر:ڈان اخبار

: 2018 کے عام انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے لوٹ مار میں ملوث افراد کا کڑا احتساب جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اسلام آباد ایئر پورٹ پر استقبال کے لیے آئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ان تمام اداروں میں تبدیلی لانی ہے جنہیں چوروں نے پاکستان لوٹنے کے لیے تباہ کردیا‘۔

وزیراعظم امریکا کا 3 روزہ دورہ مکمل کر کے کمرشل پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچے تھے، جہاں ان کا پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے ستائشی نعروں کی گونج میں ان کا بھرپور استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پر جوش و خروش کا ماحول دیکھ کر وزیراعظم نے کہا کہ انہیں محسوس ہورہا ہے جیسے وہ کسی سرکاری دورے سے نہیں ورلڈ کپ جیت کر وطن واپس لوٹے ہیں۔

سابق حکمرانوں کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نھ امریکا اور دیگر مغربی ممالک سے درخواست کی ہے کہ ’چوروں اور لٹیروں‘ کی لوٹی ہوئی دولت جو انہوں نے باہر رکھی ہوئی ہے واپس لانے کے لیے پاکستان کی مدد کریں۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان کو ایک عظیم قوم بنائیں گے۔