کشمير کے اسٹيٹس پر اثرانداز ہونے والے ہرعمل سے باز رہا جائے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کشمیر کی حالیہ صورتحال سے متعلق بیان سامنے آگیا ، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے اسٹیٹس پر اثرانداز ہونے والے ہرعمل سے باز رہا جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پابندیوں اور حالیہ صورتحال کو تشویش سے دیکھ رہے ہیں۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا کہنا ہے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کا مؤقف سلامتی کونسل اور یو این چارٹر پر مبنی ہے اور شملہ معاہدے کی روسے بھی مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالنا چاہیے، معاہدے میں سلامتی کونسل کے چارٹرکے مطابق مسئلہ حل ہونا قرار پایا تھا۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بھارتی پابندیوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کشمیر کے معروضی حالات، زمینی حقائق تبدیل کرنے سے گریز کریں اور کشمیر کے اسٹیٹس پر اثرانداز ہونے والے ہرعمل سے باز رہا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدام پر سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔