فیصل آباد
فیصل آباد آرٹس کونسل،اینٹی نار کوٹکس فورس پنجاب اور انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے اشتراک سے نوجوان نسل میں منشیات کے خلاف نفرت کواجاگر کرنے کے لئے ضلع کے بوائز و گرلز کالجز کے طالب علموں کے مابین تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں ہونے والے مقابلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خالد مسعود فروکہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفےئر چوہدری محمد اشرف،ریذیڈنٹ ڈائریکٹر صوفیہ صنم بیدار،صدر انجمن انسدادمنشیات ڈاکٹر سرفرازاحمد،جنرل سیکرٹری محمدانوارخاں،صدر پاکستان ویلفےئر فورم ڈاکٹر جعفرحسن مبارک،میڈیکل سوشل آفیسر عائشہ انجم،ماہر امراض نفسیات ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر،سوشل ویلفےئر افسران کنول شہزادی،صوفیہ رضوان،کاشف نثار،ڈائریکٹوریٹ آف کالجز،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران اور طلباء وطالبات بڑی تعدادمیں اس موقع پر موجود تھے۔منشیات کے خاتمہ میں طلبہ کا کردارکے موضوع پر منعقدہ تقریری مقابلہ میں گورنمنٹ کالج سمندری کے محمد عمرنے پہلی،ایم سی ہائر سیکنڈری سکول علامہ اقبال روڈ کے سید حسن زاہد نے دوسری،گورنمنٹ کالج برائے خواتین کارخانہ بازار کی علینہ کنول نے تیسری اور ڈگری کالج تاندلیانوالہ کی زینب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے منشیات کے خلاف آگاہی پروگرام کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ تقریری مقابلہ میں طالب علموں کی بھرپور شرکت اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ نوجوان نسل نشہ کے خلاف میدان عمل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ تنظیمیں تشکیل دے کر ان کے زیراہتمام آگاہی پروگرامز تسلسل کے ساتھ منعقد ہونے چاہیں۔انہوں نے طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ نشہ کے خلاف مہم میں شریک ہوں اور اپنے گھر،عزیزرشتہ داروں اور دوستوں کو اس لعنت سے پاک کرنے کا عزم کریں تاکہ صحت مند معاشرے کی بنیادیں مضبوط ہوں۔انہوں نے تقریری پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفےئر،آر ڈی آرٹ کونسل،ماہر نفسیات ودیگر مقررین نے کہا کہ نشہ کا عادی مفلسی میں اکیلا رہ جاتا ہے۔ہمیں اجتماعی کوششوں کے ذریعے معاشرے کو اس بیماری سے نجات دلانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نشہ کے استعمال سے نہ صرف انسانی صلاحیتیں زنگ آلودہ ہوجاتی ہیں بلکہ خاندان کے ساتھ معاشرے کی بنیادیں بھی کھوکھلی ہوجاتی ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو منشیات کی کھائی میں گرنے سے بچایا جائے۔جنرل سیکرٹری محمدانوارخاں نے انجمن انسداد منشیات کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمارا عزم منشیات سے پاک معاشرے ہے۔انہوں نے بتایا کہ انجمن کے پلیٹ فارم سے آگاہی سیمینارز،واکس،لیکچرز،معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم کے علاوہ طلبہ کے مابین تقریری مقابلے بھی کرائے جارہے ہیں۔اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طالب علموں میں انعامات اورپروگرام میں شریک طلبہ میں سر ٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔


