وارم اپ میچ ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چاروں شانے چت کر دیا

نیوزی لینڈ نے 346 رنز کا بڑا حدف 44 ویں اور میں حاصل کر لیا
بیٹرز کی انتھک محنت پر بولرز نے پانی پھیر دیا،محض خوبصورتی کی بنا پر ٹیم میں جگہ بنانے والے وسیم جونئیر نے شکست میں اہم کردار ادا کیا

احمد آباد:ورلڈ کپ کی فیورٹ پاکستانی ٹیم اس وقت عالمی کپ کھیلنے کے لئے بھارت میں موجود ہے،جسے اپنے پہلے ہی وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت میں ورلڈکپ ے آغاز سے قبل ہونے والے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر قومی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
بھارت کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنر امام الحق کے جلدی آئوٹ ہونے پر پاکستان نے بیٹنگ میں سست روی کا مظاہرہ کیا اور 10 اوورز کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 33 رنز بنائے تھے۔عبداللہ شفیق محتاط بیٹنگ کے بعد 25 گیندوں پر 14 رنز پر آٹ ہوگئے، انہیں مچل سینٹنر نے لیتھم کے ہاتھوں اسٹمپ آٹ کروایا۔جس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان گرانڈ میں آئے، دونوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔دونوں بلے بازوں نے شراکت میں 30 ویں اوور میں پاکستان کو 160 کے اسکور تک پہنچایا اور اس دوران نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔کپتان بابراعظم 84 گیندوں پر 80 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر آٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
محمد رضوان اور سعود شکیل نے بھی زبردست شراکت بنائی اور ٹیم کو ایک بڑے اسکور کی طرف گامزن کردیا، اس شراکت کے دوران وکٹ کیپر بلے باز نے سنچری مکمل کی۔
محمد رضوان نے 94 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے تاہم سنچری مکمل ہوتے ہی وہ میدان سے باہر چلے گئے اور آغا سلمان بیٹنگ کے لیے آئے۔سعود شکیل نے بھی نصف سنچری بنائی تاہم 53 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نیشام کی گیند پر آٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
شاداب خان آٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے، جنہوں نے 11 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے۔آغا سلمان 33 اور افتخار احمد 3 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 44 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹیں کھو کر باآسانی حاصل کرلیا۔فاسٹ بالر حسن علی نے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نیوزی لینڈ کے خطرناک بلے باز ڈیون کونوے کو صفر پر آٹ کرکے بہترین آغاز کیا لیکن وہ ٹیم کے لیے جیت کا پیش خیمہ ثابت نہیں ہوا۔
کین ولیمسن نے ریچن راوندرا کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں برق رفتاری کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا اور 50 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر دوسرے بلے بازوں کو بیٹنگ کا موقع فراہم کیا اور میدان سے باہر چلے گئے۔ڈیرل مچل نے 57 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے اور آئوٹ ہوئے بغیر میدان سے باہر چلے گئے۔رویندرا آئوٹ ہونے والے دوسرے کیوی بلے باز تھے، جو محض 3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرپائے، انہوں نے 72 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔کپتان ٹام لیتھم کو اسامہ میر نے 212 کے اسکور پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ کرادیا، جنہوں نے 13 گیندوں پر 18 رنز بنائے تھے۔اسامہ میر نے 3 رنز بنانے والے گلین فلپس کی وکٹ بھی حاصل کی، اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 30 ویں اوور میں 218 رنز تھا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے آخری آٹ ہونے والے بلے از جیمز نیشام تھے، انہیں محمد وسیم نے شاداب خان کو کیچ بنایا تاہم انہوں نے 21 گیندوں کا سامنا کرکے 3 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو بالنگ کا موقع نہیں دیا گیا جبکہ حارث رئوف نے 4 اوورز کرائے، جس میں ان کے خلاف 9 رنز فی اوور کی اوسط سے 36 رنز بنائے گئے۔
اس طرح نیوزی لینڈ نے ایک مشکل نظر آنے والا 345 رنز کا ہدف 44 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا اور ورلڈ کپ کی مہم کا آغاز فتح کے ساتھ کیا۔
خیال رہے کہ وارم اپ میچز میں بلے باز آٹ ہوئے بغیر ریٹائر ہرٹ ہوکر کریز چھوڑ دیتے ہیں اور اسکواڈ میں شامل دیگر بلے بازوں کو بیٹنگ کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
بھارت کے شہر حیدرآباد میں ھیلے جارہے ورلڈ کپ وارم اپ میچ سیکیورٹی وجوہات کے باعث تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا ۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گی، قومی ٹیم کا دوسرا میچ 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی سری لنکا سے ہوگا۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top