
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی میں بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا، بلوچ نوجوان بیرون ملک سے ہونے والے غیر ملکی پراپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، بلوچستان ذہین ترین اور متحرک نوجوانوں سے مالا مال ہے، پاکستان کا مستقبل انہی نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
تعلیم کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج نوجوانوں کو ایک محفوظ و مستحکم پاکستان دینے کے لیے پرعزم ہے، قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج نے ملک کو دہشت گردی اور تشدد سے پاک کیا، صوبائی حکومت کی مدد سے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔
اس موقع پر بلوچ طلبہ نے پاک فوج کے حوصلے، عزم اور مہارت کو سراہا اور پاکستان کو پر امن و خوشحال بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا



