
بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک نوجوان کی زندگی تین سالوں سے الفرڈ ہچکاک کی فلم برڈز کی طرح گزر رہی ہے۔وہ نوجوان جیسے ہی گھر سے باہر نکلتے ہیں، بہت سے کوے اُن پر حملہ کر دیتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوے صرف اُن پر ہی حملہ کرتے ہیں، کسی اور شخص کو نشانہ نہیں بناتے۔
شیوا کیوات کا تعلق سومیلا گاؤں سے ہے۔وہ یومیہ مزدوری پر کام کرتے ہیں۔اُن کا کہناہے کہ اُن کی مشکلا ت کا آغاز تین سال پہلے ایک غلط فہمی کی وجہ سےہوا۔ ایک دن وہ گھر سے باہر نکلے تو انہوں نے کوے کے بچے کو لوہے کے جال میں پھنسا دیکھا۔ شیوا نے کوے کےبچے کو جال سے نکال کر بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بچہ اُنکے ہاتھوں میں مر گیا۔ موقع پر موجود کچھ کوؤں نےیہ منظر دیکھ لیا۔ کوے سمجھے کہ شیوا نے ہی اُن کے ساتھی کو قتل کیا ہے۔
اس کے بعد تو کوے شیوا کے دشمن ہو گئے۔ کبھی کوے گروپوں کی صورت میں ایک ساتھ اُن پر حملہ کرتے ہیں اور کبھی اکیلے ہی وار کرتے ہیں۔ شیوا گھر سے باہر نکلتے ہوئے اپنے ساتھ ایک چھڑی رکھتے ہیں، تاکہ کوؤں کی چونچ اور پنجوں سے بچ سکیں۔



