دارالحکومت کابل میں خود کش حملے میں 6افراد ہلاک 33 زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امام بارگاہ کے قریب خود کش حملے میں 6افراد ہلاک اور 33 زخمی

ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل کے علاقے قلعہ فتح اللہ میں جمعہ کے روز امام بارگاہ کے قریب خودکش حملہ ہوا ،اس دوران عاشورہ کے حوالے مجلس ہورہی تھی۔

مقامی میڈیا کے مطابق خودکش حملے میں 6افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ،فورسز کی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا ہے جبکہ ایک کو بارودی مواد نصب کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکا خودکش حملہ تھا اور خودکش حملہ آور کو دھماکے سے قبل علاقے میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے خودکش حملے میں 6 افراد کے جاں بحق اور 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، تاحال کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔

دو روزقبل امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کی افغانستان آمد پر کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر راکٹ داغے گئے تھے، جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔