
ہالی وڈ کے پردے پر اس وقت دی راک چھایا ہوا ہے۔ایکٹر کے طور پر اس کی فلم ”جمانجی“نے جس قدر کمائی کی وہ ایک مثال ہے۔فوربز کی رپورٹ کے مطابق 2018اور 2019میں دی راک ہالی وڈ کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ادکاروں کی فہرست میں سب سے اوپر تھا۔دی راک جب تک رنگ میں رہا تب بھی اس نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور فلموں کی دنیا میں آ کر بھی کامیابی نے ہی ان کے قدم چومے۔تاہم فلمی دنیا میں انجوائے کرنے کے بعد دی راک ایک بار پھر اکھاڑے میں اترنے کا پروگرام بنا چکے ہیں۔۔مشہور ریسلر اور ہالی وڈ اداکار دی راک ڈیوائن جانسن نے ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں واپسی کا اعلان کیا ہے، وہ جمعہ کے روز ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورس میں اسمیک ڈاؤن کی 20ویں سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
دی راک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’میں اپنے گھر (ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورس) میں جمعہ کی رات کو واپس آرہا ہوں۔‘دی راک نے اپنے ٹویٹ میں ریسلنگ کیریئر کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ حریف ریسلرز کو پچھاڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔دی راک کے ساتھ جمعہ کو اسمیک ڈاؤن کی 20 ویں سالگرہ تقریب میں دیگر نامور ریسلرز ہوگن، رک فلیئر، کرٹ اینگل، لیتا، مک فولے، بوکر ٹی، گولڈ برگ، جیری لالر، مارک ہینری، اسٹنگ بھی شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ 47 سالہ دی راک آخری مرتبہ اپریل 2016 میں ریسل مینیا 32 میں ایکشن میں دکھائی دئیے تھے۔جب کہ اگست میں امریکی جریدے فوربز نے فہرست جاری کی تھی جس کے مطابق 47 سالہ امریکی اداکار دی راک ڈیوائن جانسن نے دنیا کے تمام اداکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔



