پشاور میں ماں نے مبینہ طور پر اپنی 6 سالہ بچی کو واشنگ مشین میں بند کردیا۔ جس سے بچی کا دم گھٹ گیا اوروہ اللہ کو پیاری ہوگئی۔ پولیس نے بچی کی ماں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے داود زئی میں 5 بچوں کی ماں بشری مبینہ طور پراپنی 6 سالہ بچی دعا کو واشنگ مشین میں بند کرکے 6 کلومیٹر دورشاہ عالم پل اپنی خالہ کے گھر چلی گئی۔

چند گھنٹوں بعد ماں کو بیٹی کی یاد آئی جس کے بعد اُس نے سوتیلے بیٹے کو فون پر بچی کے بارے میں آگاہ کیا۔
سوشل میڈیا پر اس افسوسناک واقعہ کی خبر وائرل ہوئی تو پولیس حرکت میں آئی اور ابتدائی تفتیش کے بعد بشری کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔
پولیس نے دعا کی والدہ کو چراٹ سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔
گرفتار خاتون پر اس کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس سے قبل بھی اس نے اپنی بچی کو مارنے کی کوشش کی تھی اور وہ گھر سے جب بھی باہر جاتی ہے تو اپنے بچوں کو رسی سے باندھ کر جاتی ہے۔
خاتون کے بچوں کا کہنا ہے کہ اُن کی ماں انہیں بہت مارتی پیٹتی تھی، یہاں تک کہ ایک مرتبہ اُس نے اپنے ایک بچے کو دریا میں بھی ڈال دیا تھا، تاہم بچہ بچ گیا۔




