پی ٹی آئی نا اہل لوگوں کا جتھہ ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کو عبرت ناک شکست دینگے فرزانہ کوثر

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر رہنما و جنرل سیکرٹری این اے 52فرزانہ کوثر نے کہا ہے کہ یونین کونسل 40کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ کسی کے لئے میدان کھلا نہیں چھوڑے گی،پی ٹی آئی کے ووٹرز اپنے گناہ پر شرمندہ ہیں، آئے روز یوسی کے پی ٹی آئی ورکرز پاکستان مسلم لیگ کے کیمپ میں شامل ہو رہے ہیں،نواز شریف عوام کی آواز ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،عمران خان نے تقریر کر کے کشمیریوں پر ظلم میں اضافہ کروایا، بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن ہی پی ٹی آئی کے منہ پر تمانچہ ہے۔
سی پیک نیوز سے خصوصی انٹرویو میں فرزانہ کوثر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے جینے کی امید چھین لی بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ کر کے عوام سے انتقام لیا گیا تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے اپنے گناہوں پر شرمندہ ہیں یوسی 40کے نمائندوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا سڑکوں کی کارپٹنگ سمیت تمام صفائی ستھرائی کے کام مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئے۔ فرزانہ کوثر نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو بااختیار کیا جائے پورے ادارے پر قبضہ مافیا کا راج ہے تحریک انصاف کے کرپٹ عناصر نے کرپشن اور اقربا پروری کا بازار گرم کرر کھا ہے عمران خان کی حکومت نے بوڑھے اور نادار مریضوں کے لئے ادویات مہنگی کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بطور ممبر میٹروپولیٹن کارپوریشن میں نے عوام کے لئے دن رات کام کیا ہے سملی ڈیم روڈ کو ہم نے منظور کرایا اور گیس کا کنکشن بھی دیا مگر اب ہمارے منصوبوں پر یہ کم ظرف لوگ اپنی تختیاں لگا کر سستی شہرت حاصل کررہے ہیں ان کو عوام پہچان چکی ہے نواز شریف بے گناہ ہے اسے اور اسکے خاندان کو عوام کی خدمات کرنے کی سزا دے دی گئی ہے۔ عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا ہے تمام اہم عہدوں پر آئی ایم ایف کے ایجنٹوں کو بٹھا دیا گیا ہے جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔
فرزانہ کوثر نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے عوام کو سستی بجلی، گیس اور تمام اشیاء ضروریہ فراہم کیں جبکہ تحریک انصاف والوں نے کرپشن کے ذریعے عوام سے روٹی بھی چھین لی ہے روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے معاملات ان کے کنٹرول سے باہر ہو چکے ہیں یہ نا اہل لوگوں کا ٹولہ ہے جس سے ہر شخص پریشان ہے انھوں نے کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا ہے اور کشمیری عوام سے دھوکہ کر رہے ہیں عمران خان کسی اور طاقت کے ایجنڈے پر پاکستان سے دشمنی کررہا ہے جو عنقریب بے نقاب ہوگا اور ملک میں دوبارہ مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست حکومت بنے گی اور فصلی بٹیرے بھاگ جائیں گے۔