جعلی ڈومیسائل بنوانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ،اسلام آباد کے شہریوں کیلئے ملازمت کا 100 فیصد کوٹہ بحال کرنے کی بھی سفارش

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ سکیرٹریٹ نے جعلی ڈومیسائل بنانے اور بنوانے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور نادرا حکام کو طلب کرلیا۔ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے ملازمت کا 100 فیصد فیصد کوٹہ بحال کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔

علی نواز اعوان کی صدارت اجلاس میں اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے افراد کے لیے وفاقی دارالحکومت میں ملازمتوں کے کوٹہ سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اوراسلام آباد انتظامیہ نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے اور وفاقی کابینہ کی ہدایت پر 20 فیصد کوٹہ پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ سال 1994 تک اسلام آباد کے مکینوں کا کوٹہ 100 فیصد تھا جسے دوبارہ لاگو کیا جا سکتا ہے۔

کمیٹی نے اسلام آباد کے مکینوں کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر کنٹرول محکموں میں ملازمتوں کے لیے 100 فیصد فیصد کوٹہ بحال کرنے کی سفارش کردی۔

جعلی ڈومیسائل کے اجرا کو روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت داخلہ اور نادراحکام طلب کرلیا۔