دھرنے سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے امید ہے معاملہ احسن طریقہ سے حل ہو جائے گا، نجی ٹی وی سے گفتگو
فاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز بیمار ہوئیں تو ان کو بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی اجازت مل سکتی ہے۔وہ اس وقت صحت مند ہیں انہیں سیریس بیماری نہیں ہے۔اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی جا رہی نہ انہیں ڈھیل دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ میں کوئی اختلاف نہیں۔منگل کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2014ء اور جے یو آئی ف کے موجودہ دھرنے میں واضح فرق ہے، ہم نے 2014ء میں عام انتخابات میں دھاندلی کے بعد صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن ہماری ایک نہ سنی گئی جس کی وجہ سے ہم دھرنا دینے پر مجبور ہوئے تھے جبکہ جے یو آئی ف کے سربراہ سیاسی فوائد اور ذاتی مفادات کیلئے دھرنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے میں 50 ہزار سے زائد لوگ شامل ہیں اور شرکاء کو معلوم ہی نہیں کہ وہ کس مقصد کیلئے اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ 10 روز سے کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دھرنے کے شرکاء پر کسی قسم کا طاقت کا استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دھرنے والوں سے مسلسل رابطے میں ہے،بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے اور ہم پر امید ہیں کہ دھرنے کے خاتمہ کا بہتر طریقہ ضرور نکلے گا اور یہ احسن طریقے سے ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا ہے، گزشتہ کئی دنوں سے کشمیر کا معاملا بہت پیچھے چلا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی پاکستان کا امیج خراب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل ہے، ان کے نام حکومت نے نہیں بلکہ نیب نے ای سی ایل میں ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک علاج کا راستہ نکل سکتا ہے، اگر ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج ناگزیر قرار دیا تو راستہ نکل سکتا ہے۔



