وزارت قانون نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کو نامزد کرنے کی سمری وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دی،۔نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر جسٹس گلزار احمد 22دسمبر 2019 کو عہدہ سنبھالیں گے

اسلام آباد: وزارت قانون نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کو نامزد کرنے کی سمری وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دی ہے۔وزیراعظم عمران خان سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائیں گے، صدر کی منظوری کے بعد وزارت قانون نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 21دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔یاد رہے کہ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سابق وزرائے اعظم نواز شریف کیخلاف پاناما کیس اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلے سنانے والے بنچ کا حصہ رہے۔

دونوں فیصلوں میں وقت کے وزرائے اعظم کو نااہل قرار دے کر اپنا عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 3نومبر 2007 کی ایمرجنسی سے متعلق فیصلے کے خلاف پرویز مشرف کی نظر ثانی درخواست مسترد کرنے والے بنچ میں بھی شامل رہے۔

اس کے علاوہ وہ اکیسویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کو درست قرار دینے والے عدالتی بنچ کا بھی حصہ تھے۔نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر جسٹس گلزار احمد 22دسمبر 2019 کو عہدہ سنبھالیں گے اور فروری 2022 تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ جسٹس گلزار احمد 27اگست 2002 کو سندھ ہائیکورٹ کے جج جبکہ 16نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔