
اسلام آباد:اراکین پارلیمنٹ تنخواہیں اور الائونسز (ترمیمی) بل 2020ء قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔ پیر کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اراکین پارلیمنٹ تنخواہیں اور الائونسز ایکٹ 1974ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل 2020ء ایوان میں پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بل سے قومی خزانے پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا بلکہ ارکان کی جانب سے یہ تجویز دی گئی تھی کہ انہیں جو سفری وائوچر ملتے ہیں ان میں ان کے اہل خانہ کو بھی سفر کی اجازت ہونی چاہیے جس پر انہیں یہ اجازت اس بل کے ذریعے دی جارہی ہے تاہم وائوچر کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوگا۔سپیکر نے بل کمیٹی کو بھجوا دیا۔



