تبلیغی جماعت کے 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اسلام آباد کے علاقہ بارہ کہو کو سیل کر دیا گیا

اسلام آبادکے علاقہ بہارہ کہو کی یونین کونسل کوٹ ہتھیال میں تبلیغی جماعت کے جن چھ افراد کا کرونا کے شبہ میں ٹیسٹ کیا گیا تھا ان میں سے پانچ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس کے بعد کوٹ ہتھیال کے خارجی و داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر کے تمام علاقے کو قرنطینہ میں بدل دیا گیا ہے۔اے ایس پی بہارہ کہو کے مطابق کوٹ ہتھیال میں 6 غیر ملکیوں سمیت 13 لوگوں کی جماعت تبلیغ پر تھی ۔جماعت میں شامل پہلے ایک غیر ملکی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔جماعت میں شامل پانچ مزید افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ اس کے بعد جماعت میں شریک باقی 6 افراد کے بھی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اہل علاقہ کے ٹیسٹ کروائے گی۔علاقے میں دودھ، کریانہ، بیکری کے علاوہ باقی دکانیں بند کروا دی گئیں۔اے ایس پی حمزہ امان اللہ نے کہا ہے کہ بھارہ کہو بازار بھی بند کریں گے، ضلعی انتظامیہ کے احکامات کا انتظار ہے۔
پاکستان میں ابھی تک کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد800سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 6 افراد اس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے سندھ حکومت نے گزشتہ روز صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج سے لاک ڈاون پر عمل کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے فوج کو امدادی کارروائی کے لئے طلب کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے بھی عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور جس حد تک ممکن ہوایک دوسرے سے ملنے سے اجتناب کریں کیونکہ کورونا وائرس سے بچنے کا یہ ایک واحد راستہ ہے۔پاکستان میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد کا تعلق سندھ سے ہے اسی وجہ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 دن کا لاک ڈاون جاری ہے جس کے تحت تحت صوبے کے دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز سمیت تمام عوامی مقامات بند ہیں۔ کھلنے والی دکانوں میں صرف میڈیکل اسٹور اور اشیا ئے خوردونوش کی دکانیں شامل ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بجلی، پانی، کیبل،ٹیلی کام اور بینکنگ سروسزجاری رہیں گی تا کہ لوگوں کو اپنی زندگیاں گزارنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔