دنیا کے 199 ممالک میں پھیلی کرونا کی عالمی وباء اس وقت تک24 ہزار 87 افراد کو نگل چکی ہے، عالمی وبا نے پانچ لاکھ بتیس ہزار 224 افراد کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تاہم ایک لاکھ 24 ہزار 326 افراد اس سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، امریکا میں کرونا سے متاثرین افراد کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہو گئی۔عالمی وبا سے امریکا میں 1300 افراد ہلاک اور 85 ہزار 594 متاثر ہو چکے ہیں۔ چین میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 3 ہزار 292 ہو گئی جبکہ متاثرین کی تعداد 81 ہزار 340 ہے۔ اٹلی میں کرونا سے آٹھ ہزار دو سو پندرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 80 ہزار 589 افرادعالمی وبا کی لپیٹ میں ہیں۔اسپین میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 4 ہزار 365 ہے۔ ایران میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 234 ہو چکی ہے۔برطانیہ میں کرونا سے 578، جنوبی کوریا میں 139، فرانس میں ایک ہزار 696، جاپان میں 47 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب میں کرونا سے تین افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ متاثرین کی تعداد ایک ہزار 12 ہے۔بھارت میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد بیس جبکہ متاثرین کی تعداد سات سو ستائیس ہے۔
ادھر چین نے کرونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے غیرملکیوں کے چین میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق ہفتے سے غیرملکیوں کے چین میں داخلے پر پابندی عائد ہو گی، ایسے غیرملکی بھی چین میں داخل نہیں ہو سکتے جن کے پاس چین کا ویزا اور رہائش کی اجازت ہے تاہم سفارت کاروں کو اس پابندی سے استثنیٰ ہوگا قرار دیا گیا ہے۔چینی حکام کے مطابق ایسے افراد جو سائنس، ٹیکنالوجی سروس یا انسانیت کی مدد کے لیے چین آنا چاہیں انہیں اپنے ممالک میں چینی سفارتخانوں اور قونصل خانوں سے رابطہ کرنا ہو گا۔



