اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کل26مریض دس 50سال سے زائد کے ہیں

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کل26مریض ہیں ان میں سے دس مریض50سال سے زائد کے ہیں جبکہ یہاں پر20سال سے کم کوئی بھی کورونا میں مبتلا نہیں ہے۔ ہفتہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد میں جو 26 مریض ہیں ان میں بھی 50فیصد کورونا کے وہ مریض ہیں جو انگلینڈ اور سعودی عرب سے یہاں زائرین کے طور پر آئے ہیں اور انتظامیہ کی کوششوں سے کورونا وائرس اسلام آباد میں مقامی سطح پر پھیلنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر سرویلنس ٹیم بھی کا کر رہی ہے، تین ہمارے کورن ٹائن سنٹر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چک شہزاد اورشہزاد ٹائون میں سرویلنس ٹیم نے کام کرکے کورونا کو کنٹرول کیا ہے، ایچ نائن کچی آبادی میں صرف ایک کورونا کا مریض آیا اس علاقے کو ہم نے لاک ڈائون کیا،ہم نے وہاں ٹریسنگ کی اور ایچ نائن میں بھی ہم نے اسے گرو نہیں کرنے دیا۔ صرف ہمارے لئے بہارہ کہو میں چیلنج درپیش تھا وہاں کچھ دن پہلے 16کورونا کے مریض تھے لیکن الحمد اللہ اب بھی وہی 16 مریض ہیں، وہ مریض ایک تبلیغی مسجد میں تھے وہ وہاں پر تبلیع کی تشہیر کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ دس دنوں تک آپ لوگوں نے ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہے، ہمارے پاس کھانا اور گھی اور دیگر اشیاء بھی موجود ہے اور مزید سپلائی بھی آرہی ہے۔ آپ لوگ دس دن تک گھروں میں رہے، ہم دیکھ رہے ہیں لوگ مسجدوں اور مراکز میں بھی جا رہے ہیں، آپ لوگ ہر قسم کے ایس او پی فالو کر یں اور لوگ گھروں سے نہ نکلیں اگر آپ لوگ دس دن تک گھروں سے نہیں نکلے تو مجھے امید ہے دس دن بعد ہم کامیاب ہو جائیں گے، ہمیں دوائیاں بھی مل جائے گی اور سپلائی بھی پہنچ جائے گی، ہمارا ہیلتھ انفراسٹرکچر اتنا مضبوط ہو چکا ہوگا اور این ڈی ایم اے کے طور پر ہمیں اتنی چیزیں مل چکی ہوگی کہ ہم ٹیسٹنگ بھی کر پائیں گے اور ساری چیز کو کنٹرول بھی کر پائیں گے۔