سنتھیا رچی کو پہلا دھچکا ، پولیس نے کوئی ثبوت نہ ہونے پر رحمان ملک کے خلاف ان کی درخواست مسترد کر دی


اسلام آباد:پولیس نے عدم ثبوت کی بنا پر سابق وزیر داخلہ و رہنما پیپلز پارٹی رحمان ملک کے خلاف امریکی شہری سنتھیا رچی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو الزامات سے بری الذمہ قرار دے دیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سنتھیا رچی کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے، درخواست ناقابل کارروائی ہے، دھمکیوں کے الزامات کے حوالے سے سنتھیا رچی کسی کا فون نمبر، تاریخ اور نہ دھمکی کا وقت بتا سکیں۔یکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ واقعے کی بابت اس وقت متعلقہ تھانے میں کوئی درخواست نہیں دی گئی اور نہ ہی امریکی سفارت خانے کی طرف سے ایسی کوئی اطلاع دی گئی۔
سنتھیا رچی کے یوسف رضا گیلانی اورسینیٹر رحمان ملک کے خلاف الزامات کا کوئی ثبوت نہیں ملا، درخواست میں سنتھیا رچی نے آج سے 9 سال پہلے 2011 میں زنا بالجبر کا الزام لگایا ہے۔
یاد رہے سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا تھا۔پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔
رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔