اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو مزید فعال بنانے پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو فعال بنانے اور دیگر امور زیر غور لائے گئے۔ سپیکر قومی اسد قیصر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور جبر کا بازار گرم رکھا ہے، نہتے کشمیریوں پر جو ظلم جاری ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، بھارتی افواج کی جانب سے تین سال کے نواسے کے سامنے نانا کو شہید کرنا ظلم و بربریت کی انتہاء ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ 11 ماہ سے تاریخ کا بدترین لاک ڈائون جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کیلئے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس کے پیروکاروں کی سوچ غالب آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فاشسٹ حکومت کی جانب سے غیر کشمیریوں کو آباد کرنا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی دنیا کے سامنے بھارت کے اصلی چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔



