جنوبی افریقہ کی کم عمر تربیتی پائلٹ سالگرہ سے چند گھنٹے قبل طیارہ حادثے میں ہلاک

کیپ ٹائون:  جنوبی افریقہ میں کم عمر تربیتی پائلٹ طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں ہلا ک  ہوگئی۔ افریقی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ میں 16سالہ کم عمر سکول گرل تربیتی پائلٹ  طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں ہلا ک ہوگئی ،  اس نے چند روز قبل اکیلے طیارہ اڑانے کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس پر نہ صرف والدین بلکہ انسٹرکٹر نے بھی بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا۔طیارے کے کامیاب اڑان کے بعد اس نے اپنے والدین کے ہمراہ جشن بھی مناتے ہوئے یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔ اپنی سالگرہ سے ایک روز قبل جب ایک جانب والدین گھر پر بیٹی کی خوشیوں کے لیے سالگرہ کی تیاریوں میں مصروف تھے تو دوسری جانب 16سالہ  پائلٹ کا چھوٹا   طیارہ بے قابو ہو کرگرگیا جس کے نتیجے میں تربیتی پائلٹ جان کی بازی ہار گئی۔ٹریننگ سکول کے حکام کے مطابق فوری طور پر طیارے میں کسی تکنیکی خرابی کی اطلاع نہیں ملی تاہم تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کا سبب بننے والے محرکات اور عوامل کو جاننے کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔