
اسلام آباد : ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ون چائنہ پالیسی اور چین کے ہانگ کانگ اور تائیوان کے بارے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کیـ سینیٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے علاقائی مؤقف کو تسلیم کرنے ہیں اور مسئلہ کشمیر پر چین کی حمایت قابل قدر ہےـ دونوں اطراف نے دیگر علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل جارحیت اور بھارت اور امریکہ میں چینی کاروباری سرگرمیوں کی بندش کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیال کیاـ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دو طرفہ پارلیمانی گروپس کو موثر اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا جو سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد باہمی ملاقاتیں کر سکیںـ چینی سفیر نے ایوان بالا کی سرگرمیوں اور معیاری قانون سازی کے عمل میں ہونے والے سیر حاصل مباحثہ کی بھی تعریف کیـ



