آرمی چیف کی موجودہ اور سابق فوجی افسران سے ملاقات اور مشاورت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ—اسکرین شاٹ
اسلام آباد:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران سے ملاقات کی اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اور وہاں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران سے ملاقات کی۔کور ہیڈکوارٹرز لاہور پہنچنے کے موقع پر کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پیشہ وارانہ معاملات، خطے میں سیکیورٹی صورتحال، امن و استحکام کے ثمرات کو بہتر بنانے کے اقدامات اور چیلنجز اور مواقع سمیت وسیع معاملات پر سیرحاصل تبادلہ خیال کیا۔آخر میں شرکا نے مختلف تجاویز شیئر کیں اور اس اہم تبادلہ خیال پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران سابق فوجی افسران و سربراہان جنرل (ر) جہانگیر کرامت، جنرل (ر) احسن سلیم حیات، جنرل (ر) طارق مجید، جنرل (ر) راشد محمود، جنرل (ر) راحیل شریف بھی موجود تھے۔