
امریکہ اور ترکی کے درمیان سفارتی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے لیے اپنی بیشتر ویزا سروسز معطل کر دی ہیں۔
واشنگٹن میں ترک سفارت خانے نے کہا کہ اسے مشن اور عملے کی سلامتی کے لیے امریکی حکومت کے عزم کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
اس سے پہلے ترک حکام نے استنبول میں امریکہ کونسلیٹ کے ایک اہلکار کو گذشتہ برس ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت کے مبینہ سرغنہ فتح اللہ گولن کے ساتھ روابط کے الزام میں حراست میں لے لیا تھا۔
امریکی حکومت نے اس اقدام کو بےبنیاد اور دوطرفہ تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔
ترکی کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق یہ اہلکار ترک شہری تھا۔
اتوار کو ایک بیان میں واشنگٹن میں ترک سفارت خانے نے کہا: ‘حالیہ واقعات نے ترک حکومت کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ترک مشن اور عملے کی سلامتی کے بارے امریکی حکومت کے عزم کا ازسرِ نو جائزہ لے۔
‘اس جائزے کے دوران ہمارے سفارتی اور کونسلر مشنز کے اندر آنے والے لوگوں کی تعداد کم کرنے کے لیے ہم نے فوری طور پر امریکہ میں اپنے سفارتی اور کونسلر مراکز میں امریکی شہریوں کے لیے تمام ویزا سروسز معطل کر دی ہیں۔’



