بی اے سوشیالوجی کا آن لائن پیپر،یونیورسٹی لنک ڈائون یا انٹرنیٹ کنیکٹوٹی،طلباء کا مستقبل دائو پر لگ گیا

آن لائن پیپر کے دوران بار بار رابطہ ٹوٹتا رہا،طلباء کا موقف، ہماری جانب سے لنک ڈائون نہیں ہوا طلبا کے اپنے سسٹم کی انٹر نیٹ کنیکٹوٹی کا مسئلہ ہو سکتا ہے،یونیورسٹی ترجمان

 

اسلام آباد(خالدہ راجہ سے)بی اے سوشیالوجی کے آن لائن پیپر میں مسلسل سرور لنک ڈائون ہونے کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی کے طلبا کا مستقبل دبائو پر لگ گیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب یونیورسٹی بی اے سوشیالوجی کے آن لائن پرچے میں بار بار رابطہ ٹوٹتا رہا،مسلسل سرور لنک ڈائون ہونے کی وجہ سے طلباء کومسائل کا سامنا رہا اور وہ سوالات حل کرنے میں ناکام ہو گئے ۔طلباء کا موقف ہے کہ ایک تو آن لائن پیپر دینا ہی ایک اذیت ناک عمل تھا دوسری جانب لنک ڈائون ہونے کی وجہ سے بار بار لاگ ان کرنا پڑتا تھا جس سے ہمارا بہت سا وقت ضائع ہوا ،پیپر کا وقت ختم ہو گیا اوربار بار درخواست کے باوجود دوبارہ رابطہ بحال نہ ہوا ،طلبا کا کہنا تھا کہ سوالنامہ دوبارہ بھیج کر مزید وقت دینے کی استدعا بھی مسترد کر دی گئی۔ طلبا نے پنجاب یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب چودھری سرور ، وائس چانسلر اور وزیر تعلیم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیتے ہوئے دوبارہ سے سوشیالوجی کے پیپر کا انعقاد کرائیں۔ دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی جانب سے لنک ڈائون نہیں ہوا طلبا کے اپنے سسٹم کی انٹر نیٹ کنیکٹوٹی کا مسئلہ ہو سکتا ہے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ایسے تمام طلبا جنھیں دوران پیپر انٹر نیٹ یا کسی اور وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہ اگلی بار بغیر فیس جمع کروائے پیپر دے سکتے ہیں اس پیپر کی دوبارہ فیس وصول نہیں کی جائے گی اور نہ ہی مارک شیٹ پر سپلی لکھا جائے گا۔

بشکریہ:نئی بات