G14 الاٹیوں کو پلاٹ کی فراہمی کے مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے ،طارق بشیرچیمہ

زیادہ مسئلہ G14/1 کا ہے، مذاکرات اور دیگر ذرائع سے مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،وزیر ہائوسنگ کا سینٹ میں جواب

اسلام آباد: اسلام آباد کے جی فورٹین سیکٹر میں آلاٹیوں کو پلاٹ کی فراہمی کے حوالے سے مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے، تھرپارکر میں یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ کوویڈ 19 کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی چارٹر طیارے بھیجے، سماجی فاصلے اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا، اب پرانا کرایہ بحال ہو گیا ہے۔ ووہان میں کوویڈ 19 فائیو جی سروس سے پھیلنے کا تاثر درست نہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزراء نے بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے جواب میں کیا۔وفاقی وزیر ہاسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے جی فورٹین سیکٹر میں آلاٹیوں کو پلاٹ کی فراہمی کے حوالے سے مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے۔ سینیٹر خوش بخت شجاعت کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی فورٹین کے معاملات سالہاسال سے تاخیر کا شکار ہیں، جی فورٹین ٹو میں 85 فیصد ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ مسئلہ جی فورٹین ون کا ہے اس سلسلے میں مذاکرات اور دیگر ذرائع سے مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے کوویڈ 19 کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی چارٹر طیارے بھیجے، سماجی فاصلے اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا، اب پرانا کرایہ بحال ہو گیا ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر جاوید عباسی، سینیٹر عثمان کاکڑ اور دیگر کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوشش کی ہے کہ کوویڈ 19 کے دوران دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے اس سلسلے میں خصوصی چارٹر طیارے بھی بھجوائے گئے کیونکہ ون وے ٹریفک کی اجازت تھی اور سماجی فاصلے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد بھی کم کرنے کیلئے کہا گیا تھا اس لئے مجبورا کرائے میں اضافہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جانے والی پروازوں کے لئے کرایہ کم کرنے کا معاملہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں میں مسافروں کی تعداد کے حوالے سے زیادہ احتیاط کرنا پڑتی ہے اور ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال تمام پروازوں میں ضروری ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ، ووہان میں فائیو جی سروس کے ذریعے کوویڈ 19 پھیلنے کا تاثر درست نہیں۔ سینیٹر گیان چند، سینیٹر رخسانہ زبیری، سینیٹر جہانزیب جمالدینی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں انٹرنیٹ کی سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، اس سلسلے میں یو ایس ایف کے تحت بھی یہ سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ووہان میں کوویڈ 19 فائیو جی سروس سے پھیلا، یہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں ہیں جو چین کی مخالف قوتوں نے پھیلائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تین ہزار نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر موبائل سروس کی فراہمی کے لئے نئے ٹاورز لگائے جائیں گے۔