
اسلام آباد:مالی بحران کم نہ ہوسکا ، پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں کے کرائے میں زبردست کمی کے بعد کینیڈا سے پاکستان کے فضائی سفر کے کرائے میں بھی کمی کر دی ہے۔
کینیڈا سے پاکستان کیلئے فضائی سفر کے کرائے میں 15 فیصد جبکہ اندرون ملک فیصل آباد سے کراچی کے درمیان پروازوں کے کرائے میں 20 فیصد کمی کر دی گئی۔پی آئی اے کی جانب سے ایک اندرون ملک روٹ اور ایک بیرون ملک روٹ کے کرایوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب کینیڈا سے پاکستان بذریعہ پی آئی اے سفر کرنے والے مسافروں کو کرائے کی مد میں 15 فیصد تک رعایت ملے گی۔ یہ سہولت 15 نومبر تک برقرار رہے گی۔ جبکہ اندرون ملک فیصل آباد تا کراچی روٹ کے کرائے میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔کراچی اور فیصل آباد کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو کرائے کی مد میں 20 فیصد رعایت دی گئی ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ نے کرایوں میں کمی کے ساتھ سپر بمپر آفر بھی متعارف کروا دی۔ اب مسافروں کو زائد سامان کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ پی آئی اے کی جانب سے کراچی سے لاہور یا اسلام آباد 20 کلو سامان کے ساتھ یکطرفہ کرایہ 7388 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ 20 کلو سامان کیساتھ دو طرفہ کرایہ 13521 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ان روٹس پر 35 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ 8435 روپے اور دوطرفہ کرایہ 15085 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کرنے کا مقصد مسافروں کو مزید سہولت فراہم کرنا اور فضائی سفر کیلئے انہیں ترغیب دینا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ جعلی پائلٹس تنازعہ کی وجہ سے پی آئی اے ان دنوں شدید مالی خسارے کا شکار ہے۔ کئی بین الاقوامی روٹس بند ہونے کی وجہ سے پی آئی اے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔
اندرون ملک کرائے میں زبردست کمی کے بعد پی آئی اے نے کینیڈا سے پاکستان آنے والوں کے لئے بھی کرائے میں کمی کر دی



